ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا میں آج کورونا کے 3693 معامات؛ کورونا سے فوت ہو نے والوں کی تدفین سے انکار پر کرناٹک وقف بورڈ سخت قانونی کاروائی کرنے کا دیا انتباہ

کرناٹکا میں آج کورونا کے 3693 معامات؛ کورونا سے فوت ہو نے والوں کی تدفین سے انکار پر کرناٹک وقف بورڈ سخت قانونی کاروائی کرنے کا دیا انتباہ

Fri, 17 Jul 2020 17:58:52    S.O. News Service

بنگلورو،17؍جولائی(ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا کے معاملات بڑھتے جارہے ہیں اور تعداد میں کمی پیش آنے کے بجائے دن گذرنے کے ساتھ ہی  اس میں اضافہ ہی درج کیا جارہا ہے کہ آج جمعہ کو کرناٹک میں 3693 کورونا کے معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سب سے زیادہ معاملات  پھر ایک بار بنگلور سے ہی سامنے آئے ہیں، بنگلور میں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 2208 معاملات درج ہوئے ہیں۔

ایک طرف کورونا کے معاملات بڑھتے جارہے ہیں وہیں دوسری طرف کورونا سے اموات کا سلسلہ بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔کووڈ۔ 19 سے مرنے والوں میں ہر مذہب کے لوگ شامل ہیں۔ ایسے میں کچھ شکایات سامنے آ رہی ہیں کہ مسلم قبرستانوں کے متولی کورونا سے فوت ہونے والوں کو قبرستان میں تدفین کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ اس طرح کی شکایت ملنے کے بعد  کرناٹک وقف بورڈ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سرکلر جاری کیا ہے  جس میں  اسلامی تعلیمات اور عقائد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا  گیا ہے کہ " باعزت طریقے سے تدفین ہونا متوفی شخص کا حق ہے۔ اسلامی تعلیمات میں بھی تجہیز و تکفین کو احترام سے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جبکہ  نماز جنازہ کو فرض کفایہ قرار دیا گیا ہے"۔

کرناٹک وقف بورڈ کا کہنا ہے کہ ایسے میں اگر کوئی مسلم قبرستان چاہے وہ وقف ہو یا نہ ہو، اس کے متولی، انتظامیہ، کمیٹی یا کوئی بھی ذمہ دار کووڈ کے متوفیوں کو باوقار طریقے سے تدفین کرنے سے روکتے ہیں تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ آئی پی سی اور وقف ایکٹ انیس سو پنچانوے کے تحت متولی،انتظامیہ یا کمیٹی کو فوری اثر کے ساتھ برخواست کر دیا جائیگا۔ ریاستی وقف بورڈ نے اس آرڈر کو نافذ کرنے کیلئے وقف آفیسرس، ضلعی وقف مشاورتی کمیٹی کو ہدایات جاری کی ہیں۔تمام مسلم قبرستانوں کے ذمہ داران تک اس پیغام کو پہنچانے کی ہدایت دی ہے۔

بورڈ نے اپنے سابقہ سرکلر میں بھی صاف الفاظ میں قبرستانوں کے متولیوں کو اس تعلق سے خبردار کیا تھا۔ کووڈ۔ انیس سے فوت ہونے والوں کی تجہیز و تکفین کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ وقف آفیسر کو نوڈل آفیسر کے طور پر تقرر کیا تھا۔ ساتھ ہی ضلع کے ڈپٹی کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے عدم تعاون کرنے والے متولیوں اور کمیٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی۔ بورڈ نے کووڈ سے فوت ہونے والوں کی تجہیز و تکفین کیلئے با ضابطہ ایک اسٹینڈرڈ آپریشن پروسیجر بھی بنایا ہے تاکہ متوفیوں کی لاشوں کی کوئی بے حرمتی نہ ہو۔


Share: